ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یلاپور: چٹان کھسکنے کی جگہ بن گئی سیاحوں کے لئے دلکشی کا مرکز؛ کنارے کھڑے ہوکر سیلفی لینا خطرے کو دعوت دینے کے مترادف

یلاپور: چٹان کھسکنے کی جگہ بن گئی سیاحوں کے لئے دلکشی کا مرکز؛ کنارے کھڑے ہوکر سیلفی لینا خطرے کو دعوت دینے کے مترادف

Thu, 19 Aug 2021 13:20:42    S.O. News Service

یلاپور 19/ اگست (ایس او نیوز) یلاپور تعلقہ کے وجرلّی گرام پنچایت حدود میں واقع  تلکے بیل علاقہ میں پچھلے دنوں جو چٹان کھسکنے اور کئی دنوں تک موٹر گاڑیوں کی آمد و رفت بند ہوجانے کا معاملہ پیش آیا تھا اب وہ مقام سیاحوں کے دلکشی کا مرکز بن گیا ہے۔
    
تلکے بیل سے گزرنے والے کائیگا-الکل اسٹیٹ ہائی وے پر سڑک کنارے کی چٹان اور زمین کھسکنے سے وہاں بڑے پیمانے پر درخت اور پودے تباہ ہوگئے ہیں ۔ کائیگا- الکل اسٹیٹ ہائی وے کا رابطہ کٹ گیا ہے ۔ لیکن جہاں زمین کھسک گئی ہے اس مقام پر زمین سے پانی کے فوارے ابل رہے ہیں اور چشموں کی صورت میں  پانی بہنے لگا ہے ۔ اس علاقے میں موجود چٹان کے دوسرے حصوں اور سڑک پر بھی شگاف نمودار ہوگئے ہیں ۔ جس کی وجہ سے کسی بھی وقت مزید زمین کھسکنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں ۔ اس مقام پر کھڑے ہوکر دیکھیں چاروں طرف سرسبز جنگل اور پانی کے چشموں  کا خوب صورت منظر دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ  نظارہ سے لطف اٹھانے کے لئے  پچھلے کچھ دنوں سے اطراف کے علاقوں کے علاوہ ہبلی دھارواڑ جیسے دوسرے اضلاع  سے بڑی تعداد میں لوگ اس مقام کا رخ کرنے لگے ہیں ۔
    
یہ بات خطرناک ہوسکتی ہے : لیکن اس مقام پر سیاحت کے لئے آنے والے لوگ اپنی جان کو خطرے میں ڈال رہے ہیں ۔ کیونکہ یہاں کسی قسم کا تحفظ فراہم نہیں کیا گیا ہے۔ نہ ہی کوئی بریکیڈ لگایا گیا ہے ۔ جہاں زمین کھسک گئی ہے اور شگاف پڑے ہوئے ہیں وہاں پر لوگ آخری سرے تک جا کر نیچے جنگل کا منظر دیکھنے اور کیمروں میں سیلفی / فوٹو لینے کی کوشش کررہے ہیں جو خطرے کو دعوت دینے کے برابر ہے ۔ اس لئے کہ ذرا سا توازن بگڑنے پر بڑا حادثہ پیش آسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ اگر اچانک برسات تیز ہوگئی تو پھر مزید زمین کھسک سکتی ہے ۔ لیکن ان خطرات سے بے پروا ہوکر لوگ اس مقام پر جمع ہونے لگے ہیں ۔
    
اس سلسلے میں تحصیلدار شری کرشن کمار نے بتایا کہ اس جگہ پر لوگوں کو زیادہ قریب اور کنارے تک جانے سے روکنے کے لئے اقدامات کیے جائیں گے ۔ چوکنا رہنے کی ہدایت والا بورڈ نصب کرنے کے علاوہ رکاوٹ کھڑی کرنے کے لئے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی جائے گی۔


Share: